10 اکتوبر 2023 - 22:03
طوفان الاقصٰی کا چوتھا دن / حماس کی اعلان کردہ مہلت کا خاتمہ، عسقلان پر بھاری میزائل حملہ /  1100 صہیونی ہلاک / 770 فلسطینی شہری شہید

فلسطینی مقاومت اور صہیونی غاصبوں کے درمیان جھڑپیں چوتھے دن بھی جاری رہیں۔ یہ جھڑپیں سینیچر 7 اکتوبر 2023ع‍ کو اس وقت شروع ہوئیں جب حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ (حماس) نے صہیونیوں کی مسلسل جارحیتوں کے خاتمے کی غرض سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں "طوفان الاقصٰی" کے عنوان سے کاروائی کا آغاز کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، غزہ میں فلسطینی مقاومتی تحریکوں کی جانب سے صہیونیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر "طوفان الاقصٰی" کے عنوان سے سینیچر 7 اکتوبر 2023ع‍ کو شروع ہونے والی کاروائی میں صہیونیوں کی اونچی [الیکٹرانک] حفاظتی دیوار کو توڑ دیا گیا۔ یہ دیوار غزہ کی پٹی کے گرد تعمیر کی گئی تھی، جس کے ٹوٹنے کے بعد مقبوضہ علاقوں میں طاقت کا توازن فلسطینی مجاہدین کے حق میں بگڑ گئی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں صہیونیوں کی اندھادھند بمباریوں میں اب تک 900 نہتے شہری شہید ہوگئے ہیں جن میں 269 بچے اور 213 خواتین شامل ہیں۔ غزہ میں زخمیوں کی تعداد 4000 تک پہنچ گئی ہے اور بعض گھرانوں کے تمام افراد شہید ہو چکے ہیں۔ بطور مثال بیت لاہیا شہر میں ایک گھرانے کے تمام 14 افراد شہدائے غزہ مین شامل ہیں۔

چوتھا دن، قدم بہ قدم، لمحہ بہ لمحہ طوفان الاقصٰی کے ساتھ

19:56 | صہیونیوں کے رہائشی مقبوضہ شہر عسقلان پر میزائلوں کی بارش

 19:33 | اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈآکٹر حسین امیرعبداللہیان کا خط سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام غزہ میں صہیونی جرائم کے بارے میں۔

19:32 | صہیونیوں نے جنوبی لبنان میں شبعا اور سہل الماری فارمز کو آتشین فاسفورس گولوں کا نشانہ بنایا۔

19:27 | فلسطینی شہر رام اللہ میں، غزہ کی حمایت میں فلسطینیوں کا مظاہرہ۔

19:24 | صہیونی نوآبادیوں کے مکینوں کے نام فلسطینی مقاومت کا ایس ایم ایس پیغام: مقبوضہ بستیاں پرامن نہیں رہیں، چھوڑ کر چلے جاؤ۔

18:48 | ہلاک ہونے والے صہیونی غاصبوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی۔ [شام کے وقت کی ایک خبر یہ تھی کہ ڈیڑھ سو مزید لاشیں حملوں کا نشانہ بننے والی مقبوضہ بستیوں سے ملی ہیں]۔

18:38 | طفل کُش صہیونیوں نے شہری علاقوں پر پیشگی انتباہ کے بغیر فضائی بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔

18:35 | صہیونی چینل 13: مقاومتی فورسز کی مزید نفری مفلاسیم نامی صہیونی بستی میں داخل ہو گئی ہے۔

18:32 | جنوبی لبنان سے 12 میزائل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم صہیونی فوجی ٹھکانوں پر داغے گئے ہیں۔

18:30 | صہیونی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب شمالی فلسطینی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

18:24 | صہیونی ریڈیو: عین ممکن ہے کہ جنوبی لبنان سے مسلح افراد مغربی الجلیل کے علاقے "شلومی" میں داخل ہوئے ہوں!

18:20 | انصار اللہ یمن کے قائد: فلسطین کی جنگ میں امریکی مداخلت کی صورت میں ہم صہیونی ریاست پر میزائلوں اور ڈرون حملوں کی صورت میں اس جنگ میں شرکت کریں گے۔

18:10 | ذرائع کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لبنان سے شمالی فلسطین کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔

18:06 | غزہ میں العالم نیوز چینل کے نمائندہ دفتر پر صہیونیوں کی بمباری / العالم کا مذمت بیان: فلسطینی مجاہدین کے شانہ بشانہ اپنی ابلاغیاتی جنگ جاری رکھیں گے۔

18:03 | عسقلان پر القسام بریگیڈز کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی فوجیوں میں خوف و دہشت کا عالم۔

18:01 | عسقلان میں مقاومتی میزائل لگنے سے وسیع پیمانے پر آگ لگ گئی ہے۔

17:58 | صہیونی چینل 14: عسقلان پر مقاومت کے میزائل حملے کے نتیجے میں جانی نقصان ہؤا ہے۔ واضح رہے کہ حماس نے صہیونیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ شہر چھوڑ دیں ورنہ 10 اکتوبر کے شام پانچ بجے [فلسطین کے وقت کے مطابق] سے اس قصبے پر میزائل حملے کئے جائیں گے، اور اس قصبے میں کچھ صہیونی فوجی ہی تعینات تھے۔

17:49 | القسام بریگیڈز نے اعلان کیا: جب تک کہ صہیونی ریاست فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا مقاومت بھی عسقلان اور دوسرے صہیونی علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے گی اور غاصب صہیونیوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

17:48 | عسقلان پر مقاومت کے میزائلوں کی بارش

17:36 | عسقلان کے جنوب میں واقع علاقے زیکیم میں زبردست جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

17:43 | القسام بریگیڈز کی دی ہوئی مہلت ختم ہونے پر، مقاومت کے سینکڑوں میزائل عسقلان کی طرف روانہ کئے گئے۔ الجزیرہ کے نامہ نگار الیاس کرام نے کہا: میں کئی برسوں سے غزہ سے رپورٹنگ کر رہا ہوں، اور ابھی تک میں ایسی بوچھاڑ نہیں دیکھی تھی۔

17:42 | صہیونی ذرائع غزہ سے داغے جانے والے میزائل پہلی بار "الباقیۃ الغربیہ" تک پہنچ گئے۔

17:31 | مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا: اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں شدت لانا بہت خطرناک ہے اور ممکن ہے کہ یہ صورت حال پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرے۔ مصر عرب مسائل اور بالخصوص مسئلۂ فلسطین سے چشم پوشی نہیں کرے گا۔

17:21 | امریکی فوجی اہلکار: امریکی ہتھیار، وسائل اور گولہ بارود کی بڑی مقدار اگلے چند ہی دنوں میں تل ابیب پہنچے گی۔

17:16 | عسقلان کے لئے القسام بریگیڈز کی دی ہوئی مہلت ختم ہو رہی ہے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے جو مہلت مقبوضہ عسقلان میں قابض بستی نشینوں کو علاقہ چھوڑنے کے لئے جو مہلت دی تھی اس میں چند ہی منٹ باقی ہیں۔

17:01 | صہیونی طیارے غزہ پر فاسفورس بموں اور دیگر ممنوعہ ہتھیاروں کے حملے جاری رکھنے پر اصرار کر رہے ہیں۔

17:07 | صہیونی چینل 7: صہیونی ریاست کے تمام تعلیمی مراکز اگلے اعلان تک بند ہیں۔

17:01 | صہیونی فوج نے اعتراف کیا کہ اس کے طیارے غزہ پر بے مقصد بمباری کر رہے ہیں۔ صہیونی فوج کے ترجمان نے اخبار ہاآرتص کو بتایا کہ "ہمارا مقصد صرف نقصان پہنچانا ہے، اور اس بات کو اہمیت نہیں دیتے کہ بم کہاں گر رہے ہیں!؟

16:49 | مقاومت کے میزائل تل ابیب میں مقبوضہ شہر ریشون لصیون (Rishon LeZion) پر لگ گئے ہیں۔

16:47 | فلسطینی شہری، جس کے گھر پر بم گرتے ہیں، اس کا پورا گھرانہ شہید ہو جاتا ہے، اپنے ہی ہاتھوں سے اپنے اہل خانہ کے بے جان جسموں کو ملبے سے باہر نکالتا ہے، لیکن پھر بھی پرجوش انداز سے نعرہ لگاتا ہے "ہم سب مقاومت پر قرباں ہوں"۔ یہ جنون نہیں ہے، یہ خالی خولی نعرہ نہیں ہے، بلکہ ایک فلسطینی شہری کا موقف ہے، جس کا صبر، استقامت اور قلب و روح کا استحکام اپنی مثال آپ ہے۔

16:32 | حماس کے سیاسی دفتر کے رکن جواد ابوشمالہ صہیونی بمباری میں شہید۔

16:22 | القسام بریگیڈز نے تل آویو پر میزائل برسائے۔

16:21 | اخباری ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ غزہ سے داغا گیا ایک میزائل تل ابیب کے شمال میں واقع مقبوضہ شہر حولون میں ایک اہم سرکاری عمارت پر گر کر پھٹا ہے۔

16:19 | ایک صہیونی باشندے نے اپنی کار سے ایک ویڈیو کلپ تیار کیا ہے جس میں القسام بریگیڈز اور القدس بریگیڈز کے نوجوانوں کو یہودی نشین بستیوں کے اندر ناکہ لگائے دکھایا گیا ہے۔

16:15 | القسام بریگیڈز نے غزہ میں شہری آبادی پر صہیونی بمباری کے جواب میں بن گوریون ہوائی اڈے کو بموں اور میزائلوں کا نشانہ بنایا۔

16:10 | خان یونس پر صہیونی بمباری میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن زکریا ابو معمر شہید ہو گئے۔

15:58 | القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ پر صہیونیوں کی اندھادھند بمباری کے جواب میں، کہا: ہم عسقلان پرقابض صہیونیوں کو پانچ بجے تک کی مہلت دیتے ہيں کہ وہ یہ علاقہ فوری طور پر چھوڑ دیں۔

15:30 | ریڈیو اسرائیل نے کہا ہے کہ غزہ سے داغے جانے والا ایک ميزائل لگنے سے عسقلان فیکٹری کو نقصان پہنچا ہے۔

15:20 | نقب کے علاقے میں واقع تلہی الیاہو نامی علاقے میں صہیونی بستی نشین القسام بریگیڈ کے مجاہدین سے لڑ پڑے اور شدید زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

15:10 | عبرانی ذرائع کے اعتراف کے مطابق، نقب پر مقاومت کے میزائل حملے میں کم از کم دو صہیونی ہلاک ہو گئے ہیں۔

15:00 | سدیروت، مفلاسیم اور کیسوفیم نامی نوآباد صہیونی بستیوں میں خطرے کا سائرن بجنے لگا ہے۔

14:56 | بین الاقوامی ذرائع نے کہا ہے کہ صہیونی فوج غزہ کے عام شہریوں پر ممنوعہ فاسفورس بم برسا رہی ہے۔

14:50 | ریڈیو اسرائیل: اشکول کے علاقے پر مقاومت کے میزائل حملے کے نتیجے میں ایک صہیونی بستی نشین ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

14:48 | اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا: بچوں کے عالمی دن کے موقع پر طفل کُش صہیونی ریاست غزہ کے فلسطینی بچوں کو بم، میزائل اور آگ و خون کے تحفے دے رہی ہے۔

14:48 | حقیقت کا قتل | غزہ پر صہیونیوں کے فضائی حملوں میں اب تک ساتھ فلسطینی نامہ نگار شہید ہو گئے ہیں۔

14:34 | غزہ کی پٹی کے پڑوس میں تعمیر کردہ صہیونی نوآباد قصبوں اور بستیوں میں مقیم صہیونیوں کی 75 فیصد آبادی نے یہ علاقے چھوڑ کر تل ابیب اور نواح میں پناہ لی ہے۔ اور یوں یہ تمام بستیاں عام لوگوں سے بالکل خالی ہو گئی ہیں۔ ان بستیوں میں باقیماندہ 25 فیصد آبادی کا تعلق گویا صہیونی فوج سے ہے۔

14:17 | سوشل میڈیا سے متعلق ٹیلی گرام نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ اس نے صہیونی ریاست کی اس درخواست کو مسترد کیا ہے کہ فلسطینیوں کے چینلز کو حذف کر دیا ہے۔ 

14:02 | غزہ کے پڑوس میں ایک صہیونی بستی میں القسام بریگیڈ کے مجاہدین کا گشت؛ صہیونی فوجیوں کو نشانہ بنانا مقصود ہے۔

13:35 | مقتدا صدر: صہیونی دشمن کے خلاف جہاد عزت و عظمت کا باعث ہے۔ شرم ہو بعض عرب حکومتوں پر جو غزہ کی صورت حال پر کوئی رد عمل نہیں دکھا رہے ہیں۔ حتی اس وقت جبکہ اس علاقے کے عوام پر پانی بند کیا کیا ہے اور اشیاء و خورد ونوش تک کی ترسیل منع کی گئی ہے۔۔۔ مغرب یوکرین کی حمایت کرتا ہے، اور کہتا ہے کہ یوکرین مظلوم ہے لیکن ان مجاہدین کی حمایت نہیں کرتا جو اپنی مٹی کا دفاع کر رہے ہیں۔۔۔ ہم امریکی بت اور صہیونی ریاست کے ٹوٹ جانے اور احمق بڈھے (بائیڈن) کا کام تمام ہونے کے منتظر ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110